بنگلورو،27؍دسمبر(ایس اونیوز) شہر میں 31دسمبر کی شب گزرنے کے بعد سال نو کے آغاز پر برہت بنگلور مہانگر پالیکے کے 24زچہ خانوں میں سب سے پہلے پیدا ہونے والی بچی کو پانچ لاکھ روپیوں کی مالی امداد دینے کا بی بی ایم پی نے فیصلہ کیا ہے۔ یہ بات آج شہر کی میئر گنگامبیکے نے بتائی۔ بی بی ایم پی کونسل اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال سے بی بی ایم پی میں یہ روایت شروع کی گئی ہے۔ پنک بے بی کے نام سے منسوب اسکیم کے تحت یکم جنوری کی ساعتوں کی شروعات میں بی بی ایم پی کے زچہ خانوں میں جو بھی پہلی بچیاں پیدا ہوں گی انہیں اس اسکیم کے تحت رقم مہیا کرائی جائے گی۔ رات بارہ بجے سے پہلے پیدا ہونے والی کسی بھی بچی کو اس کا فائدہ نہیں ملے گا۔اگر یکم جنوری کو کوئی بچی پیدا ہی نہیں ہوئی تو 2؍ جنوری تک پیدا ہونے والی پہلی بچی کو اس اسکیم کا فائدہ پہنچے گا۔اس کے لئے بی بی ایم پی بجٹ میں 24زچہ خانوں کے حساب سے 1.2کروڑ روپیوں کی رقم مختص کی گئی ہے۔